Breaking News

جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے اقدامات!!!


(تحریر۔ محسن علی ساجد)
کچھ دنوں پہلے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے چند اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنا علیحدہ متحدہ محاذ بنایا اور اُن کا موقف تھا کہ جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنایا جائے اور جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن سمیت کسی جماعت نے کوئی کام نہیں کیا ،علیحدہ صوبہ کی تو بات چلیں کسی حد تک مان لیتے ہیں لیکن یہ کہنا کہ جنوبی پنجاب کیلئے کوئی کام نہیں کیا گیا سراسر ناانصافی ہوگی ۔حالانکہ موجودہ جمہوری حکومت مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں جتنے کام جنوبی پنجاب کیلئے ہوئے وہ شاید اس سے پہلے نہیں دیکھے گئے ،جنوبی پنجاب کی تعلیم ،صحت ،روزگار کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خاطرخواہ اقدامات کیے ۔حکومت نے گزشتہ 2 برس کے دوران جنوبی پنجاب میں 45 فیصد فنڈز دیئے ۔لیپ ٹاپ سکیم، خود روزگار سکیم اور پنجاب حکومت کے دیگر فلاحی پروگراموں میں جنوبی پنجاب کا کوٹہ 10 فیصد زیادہ رکھا گیا ۔ 27 ارب روپے کی لاگت سے لودھراں تا خانیوال روڈ بھی مکمل ہونے کو ہے جو کہ موجودہ جمہوری حکومت کی طرف سے جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہوگا۔ جبکہ 14 ارب روپے کی لاگت سے مظفرگڑھ۔ڈی جی خان روڈ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ترکی کی حکومت نے مظفرگڑھ میں 100 بستروں پر مشتمل گورنمنٹ رجب طیب اردوان ہسپتال بنایا تھا، اس ہسپتال کو 500 بستروں تک کردیا گیا ۔ 250 بستروں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے پر بھی تیزرفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب میں سرکاری سکولوں میں پڑھنے والی بچیوں کو چھٹی جماعت میں 200 روپے وظیفہ دیا جاتا تھا، پنجاب حکومت نے نے وظیفہ بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا ہے۔ان تمام اقدامات کے علاوہ اور کئی میگا پراجیکٹس ہیں جو وفاقی وصوبائی حکومت نے جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے بنائے۔لیکن اس کے باوجود وہ کہتے ہیں نا کہ ’’ہیں کواکب کچھ اور نظر آتے ہیں کچھ اور‘‘عُذرتو یہ پیش کیا گیا کہ جی ترقی کیلئے اقدامات نہیں اُٹھائے گئے لیکن نظریہ کچھ اور ہی تھا محاذ والوں کا۔
ان ہی ترقیاتی کاموں کے سفر میں گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان میں خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک کا باضابطہ افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات بھی دیکھے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں قائم کی گئیں مختلف لیبز اور لائبریری کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی ایک تحفہ ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے ہیروں کو تراشنے کیلئے شاندار یونیورسٹی بنائی ہے ۔ خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی جنوبی پنجاب کے طلباء و طالبات پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ دور انجینئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اور پنجاب حکومت نے یہ شاندار یونیورسٹی بنائی ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے طلباء اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ اس یونیورسٹی میں رحیم یار خان کے دانش سکول کے بچے اور بچیاں بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں،انجینئرنگ کے علاوہ دیگر شعبے بھی قائم کئے گئے ہیں اور یونیورسٹی میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بچے اور بچیاں بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والے صرف نعرہ ہی لگاتے رہے ہیں۔ ان کے آباؤ اجداد نے اپنے دور حکومت میں اس خطے کی ترقی کیلئے کچھ نہ کیا بلکہ اسے ریگستان بنا ئے رکھا۔ ہم نے اس علاقے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کئے اور اسے حقیقی ترقی دی۔ چولستان میں سولر پاور پلانٹ لگا کر یہاں ترقی اور خوشحالی لے کر آئے۔ خانپور میں بھی ہم کیڈٹ کالج بنا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بھی دن رات محنت کی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ایک خوبی جو اُن کودوسرے تمام ملکی راہنماؤں سے الگ کردیتی ہے وہ یہ ہے کہ وہ بچوں،بوڑھوں،طلباء میں گُھل مِل جاتے ہیں صورتحال اُس وقت دلچسپ ہوئی کہ جب دانش سکول کی سابقہ طالبات نے وزیرا علیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ والد کی وفات کے بعد دانش سکول میں بہترین تعلیم حاصل کرنے کی وجہ سے اس یونیورسٹی میں داخلہ ملا، آپ نے ہماری جیسی بیٹیوں کے لئے سگے باپ کا کردار ادا کیا جس پر وزیراعلیٰ شہباز شریف آبدیدہ ہو گئے۔ ایک طالبہ نے کہاکہ سر آپ میرے والد کی طرح ہیں اگر آپ نہ ہوتے تو میں اس یونیورسٹی میں نہ ہوتی،جس پر وزیراعلی نے کہاکہ قوم کی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت کا فریضہ ہمارے لئے راہ نجات ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ جہاں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت نے اپنے دور اقتدار میں ملک کے دورافتادہ علاقوں میں ترقی کیلئے اقدامات کیے وہاں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کیلئے جتنے ترقیاتی کام کیے اُس کی مثال نہیں ملتی۔سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے شروع کردہ منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اپنی پوری ٹیم کے ہمراہ پورے ملک کے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھی بھرپور اقدامات اُٹھارہے ہیں ۔بہر حال بات ہورہی تھی جنوبی پنجاب کی تو جناب ۔صرف بدل رہا ہے پنجاب نہیں۔اب توبدل رہا ہے جنوبی پنجاب۔

No comments